جہلم: عید کارڈ کی سابقہ روایات دم توڑ گئیں، جدید ٹیکنالوجی نے نئی نسل کو اس محبت بھرے سلسلے سے محروم کر دیا۔ شہر میں عید کارڈ کے سٹالز اب ماضی کا قصہ پارینہ بن چکے ہیں، اور یہ خوبصورت روایت دن بدن معدوم ہوتی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برصغیر پاک و ہند میں عید کارڈ بھیجنے کی روایت انیسویں صدی کے آخری برسوں میں شروع ہوئی۔ ماضی قریب میں جیسے ہی رمضان المبارک کا آغاز ہوتا، رنگ برنگے عید کارڈز کی فروخت کے لیے مارکیٹوں، بازاروں اور گلی محلوں میں خصوصی سٹالز سجائے جاتے تھے۔ مہینے کے وسط اور آخری عشرے تک پہنچتے پہنچتے ان سٹالز پر رش بڑھ جاتا اور خریداروں کا جم غفیر نظر آتا۔
عید کارڈ کے سٹالوں پر تل دھرنے کی جگہ نہیں ہوتی تھی۔ بچے، نوجوان اور بڑے اپنے عزیزوں، دوستوں اور چاہنے والوں کو محبت بھری اور دلی جذبات سے لبریز عید کی مبارکباد عید کارڈز کے ذریعے بھیجتے تھے۔ اس دور میں عید کارڈ بھیجنا نہ صرف تہذیب و ثقافت کا حصہ تھا بلکہ رشتوں کی مضبوطی کی علامت بھی سمجھا جاتا تھا۔
دیہاتوں میں خواتین اپنے عزیز و اقارب سے ملنے والے عید کارڈز کو گھروں کی نمایاں جگہوں پر آویزاں کر دیتیں اور سال بھر انہیں دیکھ کر اپنے پیاروں کو یاد کرتیں۔ ایک قابل ذکر روایت یہ بھی تھی کہ خواتین اپنے علاقے کے ڈاکیے کو راستے میں روک کر دریافت کرتیں کہ ان کے بیٹے یا بھائی کی طرف سے بھیجا گیا عید کارڈ آیا یا نہیں۔
تاہم، وقت کے ساتھ ساتھ موبائل فون، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے فروغ نے اس روایت کو شدید متاثر کیا ہے۔ اب لوگ واٹس ایپ، فیس بک اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع سے عید کی مبارکباد دینے کو زیادہ آسان اور سہل سمجھتے ہیں، جس کی وجہ سے عید کارڈز کی مانگ میں نمایاں کمی آ چکی ہے۔
ماہرین سماجیات کا کہنا ہے کہ عید کارڈز کی یہ روایت نہ صرف خوشی اور محبت کے اظہار کا ایک خوبصورت ذریعہ تھی بلکہ اس سے تعلقات میں گہرائی بھی پیدا ہوتی تھی۔ اگرچہ جدید ٹیکنالوجی نے روابط کو تیز تر کر دیا ہے، مگر یہ مخلصی اور جذبات کی وہ گرمی پیدا کرنے میں ناکام رہی ہے جو ہاتھ سے لکھے گئے عید کارڈز میں ہوا کرتی تھی۔


