سوہاوہ: تھانہ ڈومیلی پولیس نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران لڑائی جھگڑے، گالم گلوچ اور تشدد کے علاوہ شہری اور اس کی اہلیہ کو کلہاڑی کے وار سے زخمی کرنے کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق پہلی کارروائی میں تھانہ ڈومیلی پولیس نے لڑائی جھگڑے، گالم گلوچ اور تشدد کے مقدمے میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری کارروائی میں تھانہ ڈومیلی پولیس نے گاؤں موٹھاموری، موضع پدھری میں شہری اور اس کی اہلیہ کو کلہاڑی کے وار کرکے زخمی کرنے کے واقعے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر حملے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ قانون کو ہاتھ میں لینے اور شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔


