جہلم: ریسکیو 1122 جہلم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راولپنڈی ڈویژن میں پہلی اور پنجاب بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔
سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کی زیر نگرانی ایک کمیٹی نے پنجاب کے تمام اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ لیا جس میں ضلع جہلم کے ضلعی آفیسر اور ٹیم کی کارکردگی پنجاب بھر میں تیسرے نمبر پر رہی۔
سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ضلع جہلم کے ضلعی آفیسر اور ٹیم کی کارکردگی کو خوب سراہا گیا اور آئندہ بھی اسی جوش و جذبہ سے اس خدمت کو جاری رکھنے کی تلقین کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاشبہ ریسکیو1122 جہلم کی ٹیم پنجاب بھر کی تمام ٹیموں میں سے بہترین ٹیم بن کر سامنے آئی ہے۔ ریسکیو1122 جہلم کی ٹیم نے گزشتہ عرصہ میں ضلع جہلم میں رونما ہونے والی ہر طرح کی ایمرجینسیز جن میں روڈ ٹریفک ایکسیڈنٹ، میڈیکل ایمرجینسیز، آگ لگنے کے واقعات، عمارتوں کے گرنے،اونچائی سے گرنے،گہرے کنویں میں گرنے، پانی میں ڈوب جانے اور اس کے ساتھ ساتھ باقی آنے والی ہر طرح کی ایمرجنسی پر اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور جوش و جذبے سے کام کیا اور عوام کی خدمت کی۔
انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ اللہ تعالیٰ کی مدد اور سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت اور ہدایات سے ممکن ہوا۔ وہ مسقبل میں بھی اپنی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے مزید بہتری لے کر آئیں گے اور انہوں نے ضلع بھر کے تمام ریسکیوز کو بھی مبارکباد دی۔