برمنگھم: زندہ قومیں اسلاف کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرتیں، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ایک دن ضرور انھیں آزادی کی نعمت مل کر رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار سابق مشیر حکومت آزادکشمیر راجہ فضل الرحمن کی جانب سے شہدا جموں کی یاد میں منعقدہ تقریب سے نائب قونصلر جنرل پاکستان قونصلیٹ برمنگھم بختاور میر،لارڈ میئر سٹوک آن ٹرنٹ ماجد خان، لارڈ میئر مانچسٹر یاسمین ڈار ، انجم جرال، فہیم کیانی اور دیگر نے کیا۔
تحریک حق خوداردیت برطانیہ کے چیئر میں راجہ نجابت حسین نے پاکستان سے ٹیلی فونک خطاب کیا۔ اس پروگرام میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والےافراد نے شرکت کر کے کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
تقریب میں تحریک حق خود ارادیت برطانیہ کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کو تحریک آزادی کشمیر کیلئے دی گئی خدمات اورستارہ پاکستان ملنے کی خوشی میں، لارڈ میئر کونسلر ماجد خان کو سٹوک آن ٹرنٹ کا دو مرتبہ لارڈ میئر بننے پر،نائب قونصلر جنرل پاکستان قونصلیٹ برمنگھم بننے پر بختاور میر، لارڈ میئر کونسلر یاسمین ڈار کو پہلی پاکستانی مسلم خاتون مانچسٹر کا لارڈ میئر بننے کی خوشی میں تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر انجم جرال، کونسلر یٰسین کی برطانیہ میں تحریک کشمیرکیلئے کام کرنے پر حوصلہ افزائی کی گئی۔ تحریک حق خوداردیت مڈلینڈ آسیہ حسین اور دیگر نے بھی اظہار خیالات کیا۔سنگر لالہ قدیر نے فن کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھاکہ تحریک کشمیر اور فلسطین دونوں میں مماثلت پائی جاتی ہے، وقت ہے کہ مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی جائے، رہنماؤں نے کہا کہ فلسطین کے حق میں ہونے والے تمام احتجاجی مظاہروں میں لازی شرکت کریں، اسرائیلی جارحیت کو بے نقاب کریں اور مکمل جنگ بندی تک احتجاج کے معمول کو جاری رکھا جائے۔


