جہلم: شہید کانسٹیبل محمد سعید کی دسویں برسی، شہید کی لحد پر پولیس افسران کی حاضری، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور فاتحہ خوانی کی۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کے حکم پر ایس پی انویسٹی گیشن جہلم محمد حسیب راجہ، ایس ایچ او منگلا کینٹ ، انچارج ایلیٹ پولیس فورس اور دیگر پولیس افسران نے شہید کی لحد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
شہید کانسٹیبل محمد سعید ایلیٹ فورس سال 2014 میں بسلسلہ گرفتاری خطرناک ملزمان احمد آباد بند کے قریب موجود تھے کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے ٹرالی کی اوٹ لیتے ہوئے اچانک فائرنگ کر دی چھاتی پر فائر لگنے سے آپ موقع پر ہی شہید ہو گئے تھے۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ شہداء پولیس ہمارا وہ اثاثہ ہیں کہ جنہوں نے اپنا خون دیکر ملک و ملت کے باغیچے کی آبیاری کی، شہداء پولیس ہمارے محسن ہیں جو بہادری اور شجاعت کی داستانیں رقم کرتے ہوئے ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ شہداء پولیس کی لازوال قربانیاں جہلم پولیس اور جہلم کے عوام پر قرض ہیں، شہداء پولیس نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم ملک و ملت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ شہداء پولیس کی فیملیز ہماری ذمہ داری ہیں ، جنہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، شہداء محکمہ پولیس کا حصہ تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔


