مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا ہے کہ رمضان میں صدقہ، فطرہ اور فدیے کی کم ازکم مقدار240 روپے فی کس ہے۔
تفصیلات کے مطابق مفتی منیب الرحمٰن نے فطرہ، فدیہ صوم اور کفارہ صوم کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ اہلِ ثروت اپنی مالی حیثیت کے مطابق فطرہ، فدیہ اور کفّارہ اد ا کریں۔
مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا ہے کہ رمضان میں صدقہ فطر اور فدیے کی کم ازکم مقدار 240 روپے فی کس ہے، گندم کا آٹا دو کلو(چکی والا) فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 240 روپے کا ہوگا،
مفتی منیب الرحمٰن کے مطابق جَو چار کلو فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 700 روپے ہوگا، کھجور چار کلو فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 4000 روپے جبکہ کشمش چار کلو فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 6400 روپے ہوگا۔
مفتی منیب الرحمٰن نے مزید بتایا کہ روزہ توڑنے کا کفارہ 60 مساکین کو 2 وقت کا کھانا کھلانا ہے، یہ فطرہ، فدیہ اور کفارات کی کم از کم مقدار ہے۔
مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا ہے کہ فدیہ دائمی مریض یا ایسے انتہائی ضعیف العمر افراد کے لیے ہے، عارضی مریض یا مسافر جو مرض یا سفر کے عذر کی بنا پر روزہ نہ رکھیں، ان پر صحت یاب ہونے یا سفر سے واپسی پر اپنی سہولت کے مطابق قضا ہے۔
مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ فدیہ اس کا بدل نھیں ہے جو شخص روزہ رکھ کر کسی عذر کے بغیر توڑ دے، اس پر کفارہ ایک روزے کی قضا ہے اور اگر کوئی روزہ رکھنے پر قدرت نہ رکھتا ہو تو پھر مالی کفارہ ہے۔


