جہلم: پٹرولیم مصنوعات میں نمایاں کمی ہونے اور حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے احکامات کے باوجود انتظامیہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس احکامات پر عملدرآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہو گئے۔
سبزیاں پھل سرکاری ریٹ لسٹوں پر نہ ملنے کی وجہ سے شہری حلقوں نے مایوس کن کار کردگی کی بنا پر انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انتظامی افسران کی عدم توجہی کے سبب گراں فروشوں نے سرکاری ریٹ لسٹوں کو ردی کی ٹوکری میں ڈال رکھا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ رہی سہی کسر پر ائس کنٹرول مجسٹر یٹس کی عدم دلچسپی نے نکال دی ہے جن کی آشیر باد کی وجہ سے شہر سمیت ضلع بھر میں گراں فروشوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے، انتظامی زبوں حالی کے باعث نہ صرف زخیرہ اندوزی عروج پر ہے بلکہ خود ساختہ مہنگائی نے بھی عوامی شہ رگ پر پنجے گاڑے ہوئے ہیں۔
شہری حلقوں نے کہا کہ گراں فروشی کے باعث انتظامی اداروں کی کارکردگی خود ایک سوالیہ نشان بن کر رہ گئی ہے ان اداروں سے اصلاح و احوال کی امید باندھنا دن میں خواب دیکھنے کے مترادف ہے ان اداروں میں تعینات افسران و عملہ نہ صرف کام چوری کا عادی ہو گیا ہے بلکہ ان رگوں میں کرپشن رچ بس جانے کے باعث انکی بے حسی تمام حدیں پھلانگ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھاری تنخواہیں و کثیر مراعات لینے کے باوجود پرائس کنٹرول مجسٹریٹس موثر کردار ادا کرنے سے قطعی قاصر ہیں۔ذمہ داران سارا دن دفتروں میں بیٹھ کر خوش گپیوں میں وقت گزار کر سرکاری پٹرول ،ڈیزل کااستعمال کرکے گھروں کو لوٹ جاتے ہیں ۔ ضلع بھر میں گراں فروشوں نے اپنی الگ بادشاہت قائم کررکھی ہے جبکہ انتظامیہ کی رٹ کہیں دکھائی نہیں دیتی۔
شہریوں نے متعلقہ اعلی حکام ، نگران وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر راولپنڈی سے گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں کرنے اور فرض شناس ایماندار افسران تعینات کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔