سوہاوہ: مسہ کسوال میں ایک ہوٹل پر لڑائی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق تھانہ گوجرخان کے علاقے مسہ کسوال میں ایک ہوٹل پر لڑائی جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت نزاکت حسین ولد ذاکر حسین کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں فواد علی ولد محمد منیر اور خاور ایوب ولد محمد ایوب شامل ہیں۔
ابتدائی پولیس رپورٹ کے مطابق احمد شیر زمان ہوٹل پر احمد نامی نوجوان اور عبداللہ، عبید اور سفیان وغیرہ کے درمیان جھگڑا ہوا، جو شدت اختیار کر گیا۔ اس دوران مبینہ طور پر عبداللہ نے 30 بور پستول سے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں نزاکت حسین موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ فواد علی اور خاور ایوب گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور تشویشناک حالت کے پیش نظر مزید علاج کے لیے راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس آئی/ایس ایچ او تنویر احمد پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے مقتول کی لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی، جبکہ واقعے میں عبداللہ، عبید اور سفیان کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔


