جہلم: ڈاکٹر چوہدری نعیم غفار نے کہا ہے کہ سردیوں کے موسم میں بچوں کی صحت کا خاص خیال رکھنا نہایت ضروری ہے کیونکہ اس دوران بچوں میں فلو، زکام، نزلہ، کھانسی، بخار اور سانس کی مختلف بیماریوں کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے شعبہ اطفال کے انچارج اور چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر چوہدری نعیم غفار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ والدین کو چاہیے کہ بچوں کو سردی سے بچانے کے لیے مناسب گرم ملبوسات پہنائیں اور خاص طور پر بچوں کے سر، کان اور پاؤں لازمی طور پر ڈھانپ کر رکھیں تاکہ ٹھنڈی ہوا کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ڈاکٹر چوہدری نعیم غفار نے مزید بتایا کہ بچوں کو نیم گرم پانی سے نہلایا جائے اور رات کے وقت کمرے کا درجہ حرارت معتدل رکھا جائے، کیونکہ زیادہ سرد یا زیادہ گرم ماحول بچوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
چائلڈ اسپیشلسٹ کا کہنا تھا کہ متوازن غذا، مناسب آرام اور صفائی کا خاص خیال رکھنے سے بھی بچوں کو موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ اگر بچوں میں بخار، کھانسی یا سانس لینے میں دشواری جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر قریبی صحت مرکز یا مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں، تاکہ بروقت علاج ممکن ہو اور کسی بھی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔


