پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے 4 سال کے طویل عرصے بعد جمعہ 10 جنوری 2025 کو پیرس کے لیے براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کاروباری، سیاحت اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے میں ایک اہم قدم ہے۔
اسلام آباد اور پیرس کے درمیان ہفتہ وار 2 پروازوں کا اعلان کیا گیا ہے، جمعہ کو پہلی پرواز پی کے 749 دوپہر 12 بجے اسلام آباد ایئرپورٹ سے روانہ ہو گی جس میں 300 سے زیادہ مسافر سوار ہوں گے، طیارے کی تمام سیٹیں بک ہو چکی ہیں اور اس میں مزید کوئی گنجائش باقی نہیں، آئندہ 4 پروازوں کی پیشگی بکنگ بھی مکمل ہو چکی ہے۔ پرواز کی افتتاحی تقریب وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او خرم مشتاق اور سیکریٹری ہوا بازی کریں گے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ بوئنگ 777 بھی مکمل طور پر بکنگ کے ساتھ پیرس کے لیے روانہ ہو گی اور آئندہ 4 پروازیں بھی پیشگی بک ہو چکی ہیں۔ پہلی پرواز کے مسافروں کا پیرس ایئرپورٹ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔
پی آئی اے نے اپنے آپریشنز کو مزید وسعت دینے کے لیے ملکی اور بین الاقوامی نئے روٹس کا اعلان کیا ہے۔ 20 جنوری سے پی آئی اے سیالکوٹ اور بحرین کے درمیان ہفتہ وار 2 پروازیں چلائے گی۔ لاہور اور کویت کے درمیان ہفتہ وار پروازیں 25 جنوری سے شروع ہوں گی جبکہ لاہور سے دمام کے لیے ہفتہ وار 2 پروازیں 22 جنوری سے شروع ہوں گی۔
مزید برآں فیصل آباد سے جدہ اور سیالکوٹ سے دوحہ کے لیے ہفتہ وار پروازیں بالترتیب 20 اور 21 جنوری سے شروع ہوں گی۔ پی آئی اے 25 جنوری سے پشاور اور کراچی کے درمیان ہفتہ وار پرواز بھی شروع کرے گی۔
نئے روٹس میں پی آئی اے کی حکمت عملی کے تحت بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کیے جائیں گے۔


