جہلم: کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ضلع جہلم کا دورہ کیا، جہاں جاری بیوٹیفکیشن اسکیم اور شہری خوبصورتی کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ڈویژنل سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن بھی موجود تھے جبکہ راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بازاروں کی تزئین و آرائش، سڑکوں کی بحالی و خوبصورتی، صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس کی بہتری اور شہری ماحول کو مزید خوبصورت بنانے سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
متعلقہ افسران نے جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں کی پیشرفت، درپیش مسائل اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ شہری خوبصورتی کے منصوبوں کو مزید مؤثر اور مربوط بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ہدایت کی کہ تمام بیوٹیفکیشن منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور بازاروں، سڑکوں اور عوامی مقامات کی تزئین و آرائش میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہری خوبصورتی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔


