جہلم: تھانہ سول لائن پولیس نے 12 سالہ لاپتہ بچی کو چند گھنٹوں میں تلاش کر کے ورثاء کے حوالے کر دیا۔ بچی شب معراج کو عبادت کی غرض سے اپنی سہیلی کے گھر گئی تھی لیکن گھر والوں کو اطلاع نہیں دی تھی.
تفصیلات کے مطابق جہلم میں مدینہ ٹاؤن کے رہائشی ایک پراپرٹی ڈیلر نے تھانہ سول لائن پولیس کو اطلاع دی کہ ان کی 12 سالہ بیٹی اچانک گھر سے لاپتہ ہو گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری مقدمہ درج کر کے بچی کی تلاش شروع کر دی۔ ڈی ایس پی سٹی حمید ورک نے ایس ایچ او سول لائن چوہدری عمران کو بچی کو جلد از جلد تلاش کرنے کی ہدایت دی۔
ایس ایچ او چوہدری عمران نے بتایا کہ ہم نے بچی کی تلاش کے لیے سیف سٹی کیمروں، ہیومن ریسورس اور دیگر وسائل کا استعمال کیا۔ بچی کے رشتہ داروں اور دوستوں کے گھروں کا معائنہ کیا اور مسلسل محنت کے بعد بچی کو تلاش کر لیا۔
بچی سے پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ شب معراج کو وہ اپنی ایک سہیلی کے گھر عبادت کے لیے گئی تھی اور گھر والوں کو اس بارے میں اطلاع نہیں دی تھی، جس کی وجہ سے وہ گمشدہ تصور کی گئی۔ پولیس نے بچی کو بحفاظت والد کے حوالے کر دیا۔
بچی کے والد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ڈی ایس پی سٹی، ایس ایچ او چوہدری عمران اور ان کی ٹیم نے میری بیٹی کو ڈھونڈنے میں محنت کی، میں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ یہ ہماری پولیس کی مستعدی اور ذمہ داری کا بہترین ثبوت ہے۔


