دینہ: پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث مبینہ "چھوٹو گینگ” کے سرغنہ سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور فروخت شدہ مالِ مسروقہ کی نقد رقم برآمد کر لی۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ان کی ٹیم نے موثر کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 3 چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور مالِ مسروقہ فروخت کر کے حاصل کی گئی 8 ہزار روپے کی نقد رقم بھی برآمد کر لی گئی، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان شہر کے مختلف علاقوں اور گلی محلوں میں کھڑے موٹر سائیکلوں کے تالے توڑ کر انہیں چوری کرتے تھے، بعد ازاں موٹر سائیکلوں کو کھول کر ان کے اسپیئر پارٹس کباڑ میں فروخت کر دیتے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور انہیں ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل چوری سمیت دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف جہلم پولیس پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔


