جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ نے اراضی ریکارڈ سینٹر جہلم کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سروس ڈیلیوری اور دفتری امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے عملے کی حاضری، وقت کی پابندی، ریکارڈ کی دیکھ بھال اور عوامی خدمات کی فراہمی کے انتظامات کا معائنہ کیا، جبکہ متعلقہ عملے سے مختلف امور کے بارے میں معلومات بھی حاصل کیں۔
ڈپٹی کمشنر عاصمہ اعجاز چیمہ نے ہدایت کی کہ شہریوں کے اراضی ریکارڈ سے متعلق تمام معاملات میرٹ پر اور مقررہ وقت کے اندر نمٹائے جائیں۔ درخواستوں پر کارروائی کے دوران غیر ضروری تاخیر سے مکمل اجتناب کیا جائے اور شہریوں کو اپنے جائز کاموں کے لیے بار بار دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت نہ اٹھانا پڑے۔
انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور احساسِ جوابدہی کے ساتھ انجام دیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوامی خدمات کی فراہمی میں غفلت، غیر ضروری تاخیر اور شہریوں کو مشکلات سے دوچار کرنے کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سروس ڈیلیوری کی مسلسل نگرانی کریں اور شہریوں کو شفاف، تیز رفتار اور مؤثر سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں۔


