جہلم میں نو تعینات اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ غازی سے پنجاب ٹیچر یونین ضلع جہلم کے ایک باوقار وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
وفد کی قیادت پنجاب ٹیچر یونین ضلع جہلم کے ضلعی صدر چوہدری راشد محمود نے کی، جبکہ وفد میں پنجاب ٹیچر یونین پنجاب کے سینئر نائب صدر ملک محمد افضل میر، محمد نعمان اور سکالر یونین ضلع جہلم کے ضلعی جنرل سیکرٹری بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خصوصی طور پر تعلیمی نظام کی بہتری، سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم کے فروغ، اساتذہ کے کردار، طلبہ کی فلاح و بہبود اور ضلعی انتظامیہ و تعلیمی اداروں کے درمیان مؤثر رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر ضلعی صدر چوہدری راشد محمود نے اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ غازی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، انتظامی تجربے اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ضلع جہلم میں عوامی مسائل کے حل، تعلیمی شعبے کی ترقی اور انتظامی امور میں مزید بہتری آئے گی۔
انہوں نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ پنجاب ٹیچر یونین ضلع جہلم تعلیم کے فروغ، اساتذہ کے وقار کے تحفظ اور معاشرتی بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن مثبت تعاون جاری رکھے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ غازی نے وفد کی آمد، نیک تمناؤں اور پھولوں کے گلدستے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیادی ستون ہے اور اساتذہ قوم کے حقیقی معمار ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل، بہتر سہولیات کی فراہمی اور معیاری تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور تعلیمی برادری کے باہمی تعاون سے ضلع جہلم میں تعلیم کے فروغ، طلبہ کی فلاح و بہبود اور عوامی خدمت کے شعبوں میں مزید مؤثر اور مثبت پیش رفت کو یقینی بنایا جائے گا۔


