جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) طارق عزیز سندھو کے ہمراہ اقبال لائبریری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر دونوں افسران نے لائبریری کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا۔
اقبال لائبریری ضلع جہلم کی قدیم ترین لائبریریوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں ہزاروں کتابوں کا وسیع ذخیرہ موجود ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نے لائبریری کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ علم کا خزانہ ہے، اور شہریوں کو اس سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔
اس موقع پر ڈی سی اور ڈی پی او نے مختلف تاریخی اور علمی کتابوں کا مطالعہ بھی کیا اور لائبریری کی علمی و تحقیقی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کتابوں سے محبت رکھنے والے شہریوں کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اقبال لائبریری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔ انہوں نے لائبریری انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ شہریوں کی علمی پیاس بجھانے کے لیے مزید سہولیات مہیا کریں اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے لائبریری کو مزید فعال بنایا جائے۔


