جہلم: کوئی بھی کام اگر اللہ تعالیٰ اور اس کے حبیب کے نام سے شروع کیا جائے تو اس میں اللہ کی خاص رحمت اور برکت شامل ہو جاتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار جہلم کی معروف کاروباری شخصیت اور سابق چیئرمین پبلک سیفٹی کمیشن چوہدری محمد عارف نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایماندار کاروباری شخصیت کو نہ صرف اسلامی فلاحی معاشرے میں بلکہ اللہ کے ہاں بھی خوشنودی حاصل ہوگی۔ بروز قیامت ایسے افراد کا شمار انبیاء، صادقین، شہداء اور صالحین کے گروہ میں ہوگا۔
چوہدری محمد عارف نے کہا کہ کائنات میں اللہ تعالیٰ نے بے شمار نعمتیں پیدا کی ہیں، اور انسان کو ان سے مستفید ہو کر اپنے خالق و مالک کی عظمت کو تسلیم کرنا چاہیے۔ حقیقی مزہ رزقِ حلال کمانے اور مخلوقِ خدا کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں ہے اور یہ برکت کسی اور کام میں نہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اپنی زندگی کو اللہ کی خوشنودی کے لیے وقف کرنا چاہیے اور اپنے اعمال کے ذریعے اسلامی فلاحی معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کرنا چاہیے۔


