جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے گورنمنٹ گرلز ایم سی پرائمری اسکول مجاہد آباد کا دورہ کیا اور تعلیمی انتظامات، اساتذہ کی حاضری، اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ان کا یہ دورہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق بنیادی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے سلسلے کی ایک کڑی تھا۔ دورے کے دوران ڈی سی جہلم نے کلاس رومز کا معائنہ کیا، طالبات سے سوالات کیے اور ان کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اسکول میں پینے کے پانی، بیت الخلا، اور دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا مگر مزید بہتری کی ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اسکول انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور اساتذہ تدریسی فرائض ایمانداری اور ذمہ داری سے سرانجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی شعبے سے کم اہم نہیں اور بچیوں کی تعلیم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈی سی جہلم نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے کہ ہر بچے اور بچی کو معیاری تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔


