سوہاوہ: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور سے دانش سکول حویلی منصوبے کے وفد نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی امور اور بروقت تکمیل سے متعلق مختلف انتظامی معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پراجیکٹ ڈائریکٹر ہارون داس، پراجیکٹ منیجر ملک منیر احمد اعوان اور پراجیکٹ ڈائریکٹر حق نواز شریک ہوئے۔ وفد نے وزیراعظم کو دانش سکول حویلی پر جاری تعمیراتی کام، اب تک ہونے والی پیش رفت، آئندہ کے لائحۂ عمل اور منصوبے کے مختلف مراحل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر معیاری تعلیم کے فروغ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکول حویلی کا منصوبہ پسماندہ علاقوں کے ذہین اور مستحق طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم اور جدید سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا اور ان کے روشن مستقبل کی ضمانت بنے گا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد طلبہ کو جدید تعلیمی ماحول اور بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے دانش سکول باغ کا منصوبہ مقررہ مدت سے قبل کامیابی سے مکمل کرنے پر پراجیکٹ منیجر ملک منیر احمد اعوان اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ایوارڈ اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا اور مبارکباد پیش کی۔
وفد نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ دانش سکول حویلی منصوبے کو بھی اعلیٰ معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ یہ منصوبہ جلد عوام کے لیے ثمر آور ثابت ہو سکے۔


