جہلم: روہتاس روڈ پر نکاسی آب کے دیرینہ مسئلہ کوحل کرنے کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے، تمام بڑے نالوں کو صاف کرکے علاقہ میں سیوریج کی شکایات دورکریں گے، نالوں کے اوپر تجاوزات کو ختم کرنے میں کوئی رعایت نہیں دیں گے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے روہتاس روڈ پر نالوں کی صفائی کیلئے آپریشن کی نگرانی کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صباء سحر، ایکسیئن حافظ ذیشان اور دیگر افسران اور اہل علاقہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے تمام نالوں کے اوپر پختہ تجاوزات کوتین دن میں ہٹا کر نالوں کی مکمل صفائی اور سیوریج لائنوں میں روکاوٹ دور کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اہل علاقہ کی برسوں کی نکاسی آب کی شکایات کو دور کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں جہاں جہاں لوگوں نے پختہ تجاوزات قائم کرکے نالوں کو بند کیا ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس آپریشن کو جلد از جلد مکمل کرکے دیرینہ مسئلہ حل کیا جائے گا۔


