جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور سیکرٹری لائیو اسٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ لائیو اسٹاک جہلم کے تمام دفاتر اور ویٹرنری ہسپتالوں میں ورلڈ فاریسٹ ڈے بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا۔
اس موقع پر محکمہ لائیو اسٹاک ضلع جہلم میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا، جس کے تحت مختلف مقامات پر درخت لگائے گئے۔ ڈائریکٹر لائیو اسٹاک راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر نوید سحر زیدی کی جانب سے تمام اضلاع کو شجرکاری کے اہداف تفویض کیے گئے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر ضیاء اللہ گوندل نے کہا کہ ضلع جہلم میں 200 پودے لگانے کا ہدف مقرر تھا، تاہم 300 کے قریب پودے لگائے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ پودے ضلع جہلم کے تمام ویٹرنری ہسپتالوں، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک کے دفاتر اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک کے دفتر میں لگائے گئے۔ تمام لگائے گئے پودوں کے گوگل میپ سے منسلک تصاویری ثبوت بھی اکٹھے کیے گئے جبکہ ان پودوں کو ڈپٹی کمشنر آفس جہلم کی فراہم کردہ "پلانٹ فار پاکستان” ایپ پر بھی اپلوڈ کیا گیا۔
اس موقع پر مزید گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ضیاء اللہ گوندل کا کہنا تھا کہ پاکستان کا شمار اُن ممالک میں ہوتا ہے جہاں جنگلات کا رقبہ انتہائی کم ہے، اس لیے نئے جنگلات لگانا اور ان کی دیکھ بھال کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شجرکاری مہم کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنا اور آئندہ نسلوں کو ایک محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔
محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران اور عملے نے عزم کیا کہ وہ مستقبل میں بھی شجرکاری مہم کو بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے تاکہ ماحول کو سرسبز اور پائیدار بنایا جا سکے۔


