جہلم: موسم سرما کی آمد سے قبل ہی ماحولیاتی آلودگی پر بروقت قابو نہ پانے کی اثرات واضح ہونے لگے اور فضا سموگ کے باعث دھندلانے لگی۔ شہرسمیت ضلع بھر میں سموگ کا راج، شہریوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری ماحولیات سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق دیگر شہروں کی طرح ضلع جہلم میں بھی سموگ بڑھنے کے خدشات منڈلانے لگے ۔ شہر میں گزشتہ روز علی الصبح اور شام کے اوقات میں سموگ کے ڈیرے رہے اور سموگ کے باعث فضا دھندلانے سے اچانک اندھیرہ چھا گیا۔ ناقص مانیٹرنگ اور بروقت ماحولیاتی آلودگی پر قابو نہ پانے کے باعث سموگ شدت اختیار کرنے لگی۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شہریوں کو سموگ کے خطرات سے بچانے کے لیے محکمہ ماحولیات اور ضلعی حکام کو مؤثر اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ڈاکٹرز نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی بھی ہدایات جاری کردی ۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سموگ سے ہونے والی بیماریوں اور نقصانات سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال زیادہ سے زیادہ کیا جائے اور ناک میں بار بار پانی ڈالیں۔
دوسری جانب شہریوں کو صبح اور شام کے اوقات میں غیر ضروری سفر کرنے سے بھی اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔