دینہ/ جہلم: بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ عید کے فوری بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پوری قوم کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سنائی، مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں وزیراعظم نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کو ممکن بنایا جس سے ہرپاکستانی فائدہ حاصل کرے گا۔
وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے جہلم کی تحصیل دینہ کے علاقے چھنی گجراں میں چوہدری سہیل ظفر کی جانب سے دی جانے والی عید ملن پارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی، کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ ہم اس حکومت کو نہیں سنبھال سکیں گے، مگر میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے ہمیشہ کی طرح ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر کے یہ ثابت کیا کہ ان کی قیادت میں پاکستان ترقی کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کے ساتھ ملک کی معیشت کو مستحکم کیا اور آج الحمدللہ ملک کے مالی حالات بہتر ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو اگلے ماہ 1200 روپے تک کمی ہوگی، جبکہ 400 یونٹ استعمال کرنے والوں کو 2900 روپے تک کمی کا فائدہ ملے گا، جس سے ہر پاکستانی کو ریلیف ملے گا۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں عملی ترقی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دیہاتوں اور شہروں میں صفائی اور سڑکوں کے مسائل حل ہو رہے ہیں اور 20 سال پرانی سڑکوں کی ڈیمانڈ پوری کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، واٹر سپلائی، رورل ہیلتھ سنٹرز اور دیگر سہولتیں دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین اب پریشان ہیں کیونکہ ترقی کا عمل تیز ہو چکا ہے، اور ہر طرف خوشحالی کا دور دورہ شروع ہو چکا ہے۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے کی تکمیل بھی جاری ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے، جس سے ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہو گا۔
بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے پاس جانے کے بجائے حکمت عملی پر کام کیا ہے اور بجلی کے نرخ میں کمی سے معیشت کو بہت فائدہ ہوگا۔ انہوں نے آرمی چیف آصف منیر کا بھی شکریہ ادا کیا کہ ان کی قیادت نے ملک کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا۔
سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلال اظہر کیانی کی قیادت میں جہلم میں ترقیاتی کام تیزی سے ہوں گے۔ چوہدری سہیل ظفر نے کہا کہ بلال اظہر کیانی کی نوجوان قیادت سے ہمیں بہت امیدیں ہیں، اور یہ واحد نوجوان ہے جو ہمارے حقوق کے لیے پارلیمنٹ میں آواز بلند کرتا ہے۔
تقریب میں راجہ غلام کیانی، راجہ علی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔


