جہلم: ضلع بھر کے تعلیمی ادارے 8 مئی بروز جمعرات معمول کے مطابق کھلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ جہلم کے ترجمان کے مطابق پنجاب حکومت کی ہدایت پر جمعرات 8 مئی 2025 کو ضلع جہلم کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی قسم کی بندش یا تعطیل کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ تمام طلبہ و طالبات کو چاہیے کہ وہ روٹین کے مطابق اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں حاضری یقینی بنائیں تاکہ تعلیمی سرگرمیوں میں مزید تعطل نہ آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور کسی بھی خطرے کی کوئی بات نہیں۔ ضلعی انتظامیہ تمام حالات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔
عوام، والدین اور طلبہ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ تمام اسکول، کالج اور دیگر تعلیمی ادارے اپنے معمول کے اوقات کار کے مطابق کام کریں گے اور کسی بھی تبدیلی کی صورت میں عوام کو بروقت اطلاع دی جائے گی۔


