جہلم: بے رحم مہنگائی کی وجہ سے عوام کا جینا دو بھر ہو گیا، حکومتی کھوکھلے دعووں کے برعکس اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں ، شہریوں نے نگران وزیراعظم ، نگران وزیراعلیٰ سے مہنگائی کم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے ، حکومتی کھوکھلے دعووں کے برعکس اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہے ، بے رحم مہنگائی کی وجہ سے عوام کا جینا دو بھر اور غریب دو وقت کی روٹی کھانے سے بھی محروم ہوکر رہ گیا ہے۔
بازاروں میں دودھ ،دہی گوشت ،سبزی فروٹ اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں دن بدن اضافے کے سبب غریب عوام بے کسی کی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں، غریب محنت کش پورا دن محنت مزدوری کرنے کے باوجود اپنے بچوں کو پیٹ بھر کے کھانا مہیا نہیں کر پاتے۔
دکاندار سرکاری نرخ ناموں کے مطابق اشیائے خوردونوش فروخت کرنے سے عاری دکھائی دیتے ہیں اور نہ ہی معیاری اشیا صارفین کو سرکاری نرخوں کے مطابق مہیا کی جاتی ہیں ،حکومتی نرخ ناموں کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ تھوک میں اشیائے خوردو نوش مہنگے داموں خرید کر کم نرخ پر فروخت نہیں کر سکتے ، مارکیٹوں میں ریٹ لسٹ کے مطابق اشیائے خوردو نوش نہ ہی ملتی ہیں اور نہ ہی فروخت کی جاسکتی ہیں جس بنا پر آئے روز دکانداروں اور صارفین کے درمیان لڑائی جھگڑے معمول بن چکے ہیں۔
شہریوں نے نگران وزیراعظم ، نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے مہنگائی کم کرنے اور اشیاء خوردونوش کو سرکاری نرخ ناموں پر فروخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


