سوہاوہ: پولیس نے مویشی چوری کے مقدمے میں اہم کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مویشی چوری کے مقدمے میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 5 لاکھ روپے مالیت کی چوری شدہ بھینس برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کرنے کے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف تفتیش مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا تاکہ قانون کے مطابق انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے جہلم پولیس کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔


