جہلم: سول ہسپتال کے کارپارکنگ انچارج نے ایمانداری کی مثال قائم کردی، پارکنگ ایریا سے ملنے والا لیڈیز بیگ پولیس کی مدد سے مالک کے حوالے کردیا گیا، بیگ میں لاکھوں روپے مالیتی طلائی زیورات موجود تھے۔ مالک نے بیگ وصول کرتے ہوئے پولیس اور پارکنگ انچارج کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں جادہ کے رہائشی چوہدری شجاہت منظور کی اہلیہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں طبعی معائنہ کی غرض سے آئی تو خاتون کا اپنا بیگ ہسپتال کی پارکنگ ایریا گم ہوگیا۔ بیگ میں سونے کے زیورات اور دیگر سامان بھی موجود تھا۔
اپنی مدد آپ کے تحت کافی ڈھونڈنے کے بعد خاتون کے شوہر کی جانب سے پولیس خدمت کاؤنٹر سول ہسپتال میں رپورٹ درج کروائی گئی۔ خاتون کا گم ہونے والا بیگ سول ہسپتال کے کار پارکنگ کے انچارچ بدر مجید کو پارکنگ کے ایریا سے مل گیا جس میں لاکھوں روپے کے طلائی زیوارات موجود تھے۔
پولیس خدمت کاونٹر پر رابطہ کرنے کے بعد اصلی مالک کو بلا کر بیگ حوالے کردیا گیا۔ اس موقع پر خاتون اور اسکے شوہر نے پولیس کی جانب سے بروقت ریسپانس دینے اور پارکنگ انچارج کی ایمانداری کی اعلی مثال قائم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔


