جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلع بھر میں کھلے مین ہولز کو ڈھانپنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد کھلے مین ہولز کے باعث پیش آنے والے ممکنہ حادثات کا سدباب کرنا اور شہریوں بالخصوص بچوں کے لیے محفوظ راستے یقینی بنانا ہے۔
چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں میونسپل کمیٹی کے عملے کے ہمراہ فیلڈ میں موجود ہیں، جہاں گلیوں، بازاروں اور شاہراہوں پر ٹوٹے ہوئے یا کھلے مین ہولز پر نئے حفاظتی ڈھکن نصب کروائے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سیوریج لائنوں کی صفائی کا عمل بھی جاری ہے تاکہ نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے اور مستقبل میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ عوامی حفاظت کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو حکم دیا ہے کہ تمام علاقوں کا مکمل سروے کر کے رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ضلع بھر میں کوئی بھی مین ہول بغیر ڈھکن کے باقی نہ رہے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوامی سلامتی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔


