جہلم: حکومت پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی ہفتہ آگاہی غذائیت (نیوٹریشن ویک) 23 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک منایا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ضلعی آفیسر محکمہ بہبودِ آبادی حسن خالد وڑائچ نے رواں ہفتے غذا و غذائیت پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہفتہ منانے کا بنیادی مقصد عوام الناس کو اہم اجزائے خوراک اور غذائیت کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ضلع بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں خصوصی کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں جن پر آنے والے مریضوں اور دیگر لوگوں کو خوراک اور غذائیت کے بارے میں مفید معلومات دی جائیں گی۔
حسن خالد وڑائچ نے کہا کہ ہسپتالوں کے کاؤنٹرز سمیت محکمہ صحت کا عملہ گلی محلوں میں گھر گھر جا کر بھی نیوٹریشن پروگرام کی ترجیحات کے بارے میں راہنمائی فراہم کرے گا جس میں ماں کے دودھ کی افادیت ، بچوں کے سوکڑے پن کی تشخیص اور علاج ، نو عمر لڑکیوں، حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی خواتین میں غذائی کمی کی نشاندہی اور ماں بچے کی صحت کے لئے بچوں کی پیدائش میں وقفہ کے ضمن میں انفرادی مشورے دئیے جائیں گے۔