پنڈدادنخان/ جہلم: ایڈیشنل سیشن جج پنڈدادنخان کی عدالت نے پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو مسجد کے اندر قتل کرنے کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر دونوں ملزمان لال خان اور محمد زعفران کو دو، دو مرتبہ عمر قید اور پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق اکتوبر 2023ء میں لال خان اور محمد زعفران نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر پسند کی شادی کرنے والے 24 سالہ سنیعہ رانی اور 27 سالہ رحمٰن رسول نامی نوجوان کو مسجد کے اندر قتل کر دیا تھا۔ پولیس ترجمان کے مطابق جوڑے نے پہلے اپنی پسند سے شادی کی تھی۔ بعدازاں ملزمان نے مبینہ طور پر راضی نامے کے بہانے انہیں بلایا، جس پر خوف کے باعث میاں بیوی نے مسجد میں پناہ لے لی، جہاں انہیں قتل کر دیا گیا۔
واقعے کا مقدمہ نمبر 208/23 تھانہ للِہ میں درج کیا گیا تھا۔ جہلم پولیس نے جدید تفتیشی اور تکنیکی ذرائع کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کیا اور تفتیش مکمل کرنے کے بعد ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق مقدمے کی موثر پیروی اور درست تفتیش کے نتیجے میں عدالت نے دونوں ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر دو، دو مرتبہ عمر قید اور پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔


