جہلم: اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان نے تحصیل آفس کا اچانک دورہ کیا اور دفتری امور، عملے کی حاضری اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر تحصیلدار سمیت متعلقہ عملہ اپنی ڈیوٹی پر موجود پایا گیا۔
معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ بجلی کی بندش کے باعث آن لائن رجسٹریشن کا نظام عارضی طور پر غیر فعال تھا، تاہم شہریوں کی شکایات سننے، ان کے مسائل کے حل اور ازالے کا عمل جاری تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مجموعی دفتری انتظامات اور عوامی خدمت کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اسے تسلی بخش قرار دیا۔ انہوں نے ریونیو عملے کی کارکردگی کا معائنہ بھی کیا اور ہدایت کی کہ بجلی کی بندش سمیت کسی بھی عارضی رکاوٹ کے باوجود دفتری امور کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں، تاکہ شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ غازی خان نے مزید ہدایت کی کہ تمام مقررہ اہداف دی گئی مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور ریونیو سے متعلق امور کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔
انہوں نے دفتری نظم و ضبط برقرار رکھنے، عوامی شکایات کا مؤثر انداز میں ازالہ کرنے اور ریونیو خدمات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔


