پنڈدادنخان: جہلم پولیس نے 15 سالہ لڑکی سے مبینہ جنسی زیادتی کے مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ جلالپور شریف پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کم عمر لڑکی سے مبینہ زیادتی کے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی زیادتی جیسے سنگین جرائم کے مقدمات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔


