اسٹاک ہوم: اقبال اکیڈمی اسکینڈے نیویا، سویڈن کے تحت شاعر مشرق حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے پیغام اور فکر کو عام کرنے کیلئے یوم اقبال کی تقریب منعقد کی گئی۔
اس تقریب کے خصوصی مہمان سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد اور اپسالا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ہینز ویرنر ویسلر تھے۔ تقریب کی نظامت اقبال اکیڈمی اسکینڈے نیویا کے جنرل سیکرٹری عمران کھوکھر نے کی ۔ حافظ ابوبکر کی تلاوت قرآن حکیم سے تقریب کا آغاز ہوا۔ سہیل صفدر نے نعتیہ اشعار اور علامہ اقبال کی بچوں کیلئے نظم ’’ہمدردی‘‘ پیش کی۔
سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے نوجوان نسل کو فکر اقبال سے متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اپنی کتاب تین سلطنتوں کی داستان سے کچھ اقتباسات پڑھ کر سنائے۔ انہوں نے کتاب کی رونمائی پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
اقبال اکادمی پاکستان کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبد الرئوف رفیقی نے اپنے ویڈیو پیغام میں علامہ اقبال کی عالمگیر بھائی چارے، انسان دوستی اور امن کے حوالے سے بات کی انہوں نے اقبال اکیڈمی اسکینڈے نیویا کی سرگرمیوں کی ستائش کی، ماہر اقبالیات مسعود الحسن ضیاء کا اقبال اور مابعد طبیعیات مقالے کو عمران کھوکھر نے پیش کیا جسے شرکاء نے اس علمی مقالے کو بہت سراہا۔
نوجوان سیف انصاری نے حیات اقبال کے حوالے سے سویڈش زبان میں اظہار خیالات کیا۔ منہاج ویلفیئر ایسوسی ایشن سویڈن کے صدر یاسین اعجاز نے فکر اقبال کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے عمل کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد کی کتاب ’’تین سلطنتوں کی داستان‘‘ کی تقریب رونمائی کی گئی۔ اس کے علاوہ انجمن علم و ادب اور سائوتھ ایشین کلچرل سوسائٹی شکاگو، امریکہ کی شائع ہونے والی کتاب ’’محبت امن اور اتحاد‘‘ اور پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج کی شائع کردہ کتاب محاورہ و کہاوت کی فہرست مع انگریزی مترادفات مرتبی ڈاکٹر ایاز احمد، نظرثانی پروفیسر ڈاکٹر ہینز ویرنر ویسلر اور پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ رحمن کی رونمائی اور تعارف پیش کیا گیا۔
اپسالا یونیورسٹی سویڈن میں اردو کے استاد پروفیسر ڈاکٹر ہینز ویرنر ویسلر نے سویڈن میں اردو کی تدریس کے حوالے سے تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے علامہ اقبال کی ماحولیات کے بارے میں فکر پر اظہار خیالات کیا۔
اقبال اکیڈمی اسکینڈے نیویا کے چیئرمین ڈاکٹر عارف کسانہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مستقبل میں یوم اقبال کی تقریب یہاں کے نوجوان منعقد کریں گے۔
انہوں نے علامہ اقبال اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ کے وہ اشعار سنائے جو فلسطین کی سرزمین اور اس کے بارے میں لکھے گئے تھے۔ اس موقع پر شہدائے غزہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کیلئے بابر وڑائچ نے فاتحہ خوانی کرائی۔


