سوہاوہ: ڈومیلی کے نواحی علاقے میں موٹر سائیکل کھائی میں جا گرا، حادثے میں 2 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی کے علاقہ پھڈیال کے قریب پہاڑی راستے پر تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل گہری کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل پہاڑ سے اترتے ہوئے بے قابو ہو کر کھائی میں جا گرا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو پہلے رورل ہیلتھ سنٹر ڈومیلی منتقل کیا گیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں جہلم ریفر کر دیا گیا۔ زخمیوں میں محمد عاصم اور محمد نعمان ولد محمد ظفر شامل ہیں جو پھڈیال کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔
حادثے میں ایک زخمی کا بازو ٹوٹ گیا جبکہ دوسرے شخص کے سر پر گہری چوٹ آئی ہے۔


