سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان اگر باہر آئے اور مہم چلائی تو حکومت نہیں ٹھہر سکے گی۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کا مطلب ہی یہی ہے کہ نئے الیکشن ہوں گے، عمران خان اگر باہر آئے اور مہم چلائی تو حکومت نہیں ٹھہر سکے گی، پی ٹی آئی کو اس وقت ان کی رہائی کی ضرورت ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان رہا ہوگئے تو پارٹی کے باقی کام وہ خود کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور حکومت پس پردہ بات چیت کے نتائج میں ہی ساتھ بیٹھے ہیں، سمجھ نہیں آرہا پی ٹی آئی اپوزیشن کو اکٹھا کرنے میں کیوں ناکام ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مذاکرات کے لیے اس وقت پی ٹی آئی کا کوئی دباؤ نہیں، جب پی ٹی آئی دباؤ بناتی ہے تو اس وقت مذاکرات نہیں کرتی، پی ٹی آئی کا اس وقت المیہ یہی ہے کہ وہ اپوزیشن میں اکیلی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سیاسی حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے پی ٹی آئی کو مسائل ہیں، پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتوں سے بھی لڑ رہی ہے، جنوری کے بعد حکومت پر عالمی دباؤ نہ آیا تو وہ نہیں جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مذاکراتی عمل سے کوئی امید نہیں تھی، بیرسٹر گوہر اور دیگر نے مذاکرات کا کہا تو عمران خان نے حامی بھرلی، حکومت پر بین الاقوامی دباؤ موجود ہے اور بڑھ بھی رہا ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ حکومت اتنی کمزور ہے کہ بانی کی تصویر وائرل ہوئی تو عدالتی عملہ معطل کردیا۔


