جہلم: حکومت پنجاب کی زمینوں پر قبضے کرنے کا سلسلہ جاری، ضلعی انتظامیہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں کرنے میں ناکام دیکھائی دیتی ہے۔
اس کے باعث محکمہ مال ، میونسپل کمیٹی پر اثر رسوخ رکھنے والے نام نہاد سفید پوشوں اور سیاسی کھڑپینچوں کے کارندے دن دیہاڑے دیدہ دلیری سے حکومت پنجاب کی زمینوں پر قبضے کرنے اور پختہ تعمیرات کرنے میں مصروف ہیں۔
انتہائی باثوق ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کی قیمتی اراضی پر بااثر افراد نے محکمہ مال ، میونسپل کمیٹی اور سیاسی اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے سرکاری زمینوں پر قبضے کرنے شروع کررکھے ہیں، اس طرح کروڑوں روپے مالیتی اراضی کے اونے پونے دام سرکاری محکموں کے اہلکاروں کو دیکر اور سیاسی اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے پختہ تعمیرات شروع کررکھی ہیں۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، چیف سیکرٹری پنجاب، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، وزیربلدیات، سیکرٹری بلدیات سے نوٹس لینے اور سرکاری اراضی واگزار کروانے کا مطالبہ کیاہے۔


