جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی خدمات کو ضلع جہلم میں توسیع دینے کے لیے افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر، شہریوں، میڈیا نمائندگان اور مختلف محکموں کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جدید اور مؤثر صفائی نظام متعارف کرایا ہے۔ اس منصوبے کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ ایک معاہدہ کیا گیا ہے، جس کے ذریعے ضلع جہلم کی تمام یونین کونسلز میں جدید مشینری سے صفائی کا نظام استوار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی عملی تعبیر ہے۔ زبانی دعوؤں کی بجائے اب عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کے مثبت نتائج عوام کے سامنے ہوں گے۔ صفائی کے اس جدید نظام کے پہلے مرحلے میں کچرے کے ڈھیروں کو ختم کیا جائے گا، جبکہ اگلے مرحلے میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کا ایک منظم نظام نافذ ہوگا۔
بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت 1300 افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ یہ اقدام نہ صرف صفائی کے نظام کو بہتر بنائے گا بلکہ مقامی سطح پر خوشحالی لانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ صرف ایک ہفتے کے اندر اس منصوبے کے مثبت اثرات نمایاں ہونا شروع ہو جائیں گے۔
انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کو حکومت پنجاب کا ایک انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ماحول کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کے تحت عوام کو جدید صفائی کی سہولیات فراہم ہوں گی، جو علاقے کی ترقی کے لیے ایک مضبوط بنیاد بنیں گی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں ضلع بھر سے کچرے کے ڈھیروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ اس کے بعد ایک منظم اور جدید نظام کے تحت گھروں سے کچرا اٹھانے کا عمل شروع ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر یونین کونسل میں صفائی کے لیے جدید مشینری اور سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاکہ عوام کو صاف اور صحت مند ماحول مہیا کیا جا سکے۔ اس منصوبے کے تحت علاقے کی صفائی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، جو عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم قدم ہے۔


