دینہ اور گردونواح میں مہنگائی کا جن مسلسل بے قابو ،چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے خود ساختہ مہنگائی نے عوام کی چمڑی ادھیڑ دی، پرائس کنٹرول کمیٹی خواب غفلت کے نشہ میں چور،حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق دینہ اور گردونواح کی عوام کو خودساختہ مہنگائی کرنے والوں کے سپرد کر دیا گیا۔ دینہ شہر میں خود ساختہ مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے، دوکانداروں کو کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے، من مانے ریٹ وصول کیے جارہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نظر نہیں آتا۔ گیس سلنڈر سے لیکر کھانے پینے کی تمام اشیاء من مانے ریٹس پر دی جارہی ہیں۔
عوام فاقوں پر مجبور ہیں مگر انتظامیہ خانہ پوری کے لئے مہینے میں ایک بار بازار آ کر جرمانے اور کاغذی کارروائی مکمل کر کے باقی مہینے کے دن کھلی چھٹی دے دیتے ہیں۔ دفتری معاملات میں سب اچھا کی رپورٹ دے دی جاتی ہے، مگر بے چاری عوام کے مسائل سے غافل انتظامیہ کو کیا پتا کہ جو دیہاڑی لگا کر اپنا اور اپنے بچوں کا مشکل سے پیٹ پالنے کو کوششوں میں مصروف رہتے ہیں ان کو کیا مسائل درپیش ہیں۔
لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ لینے والے افسران سے عوام نے اپیل کی ہے کہ ہم عوام کے لئے بھی تھوڑا ٹائم نکال کر مہنگائی کو کنٹرول کریں، ڈپٹی کمشنر جہلم سمیع اللہ فاروق خود ساختہ مہنگائی کر نے والے مافیا کو بھی لگام لگائیں تاکہ عوام چین سے زندگی گزار سکیں۔