سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے چارج سنبھالنے کے بعد تحصیلوں کے مسائل کو جاننے اور ان کے حل کے لیے سوہاوہ شہر کا تفصیلی دورہ کیا، انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال، جنرل بس اسٹینڈ سمیت سوہاوہ بازار کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق سوہاوہ شہر کے مسائل ہیں کہ عرصہ سے حل ہونے کا نام نہیں لے رہے، کسی بھی انتظامی آفیسر کی طرف سے اس کے دورے سے اس بات کا تاثر ضرور جاتا ہے کہ وہ عوامی مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ ہیں۔
میثم عباس نے ڈپٹی کمشنر کا چارج لیتے ہی عوامی مسائل کو جاننے کے لیے سوہاوہ شہر کا دورہ کیا۔ انہوں نے سابق ایم پی اے راجہ اویس خالد سے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کے آفس میں ملاقات کی اور عوامی مسائل کی نشاندہی پر تفصیلی بریفنگ لی جس کے بعد انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال سوہاوہ سمیت جنرل بس اسٹینڈ، سوہاوہ بازار اور رکشہ اسٹینڈ کا دورہ کیا۔
صحافیوں کی طرف تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں ریڈیالوجسٹ، ادویات کی کمی اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کی نشاندہی کی گئی جبکہ سوہاوہ کے باسیوں کے دیرینہ مسائل پانی اور رکشہ اسٹینڈ کے حوالے سے سوال کیا جس پر انہوں ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔
عوامی حلقوں کی طرف سے گزشتہ تین ڈپٹی کمشنر کی عدم دلچسپی کے بعد ڈپٹی کمشنر میثم عباس کی طرف سے سوہاوہ شہر کے دورہ اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کو خوش آئند قرار دیا گیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وسائل کی کمی کے باوجود دہائیوں سے تحصیل سوہاوہ کے مسائل کو حل کرنے میں کیا عملی اقدامات سامنے آتے ہیں۔


