جہلم: جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں جہلم پولیس نے ضلع بھر میں خصوصی سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں کیں۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق 15 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 399 افراد، 154 گھروں اور 8 بس اسٹینڈز و ہوٹلز کی چیکنگ کی گئی۔ ان اقدامات کا مقصد اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا اور مشکوک سرگرمیوں کی روک تھام ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسے آپریشنز سے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں مدد ملتی ہے اور امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری اطلاع دیں۔
پولیس کے مطابق بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کو روکنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ شہری کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دے کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں تاکہ ضلع میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔


