جہلم میں 40 لاکھ روپے کی چوری کا سراغ مل گیا، پولیس نے سابق کرائے دار کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تھانہ سٹی پولیس کی چوکی کینٹ نے گھر سے تقریباً 40 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، چاندی اور نقدی چوری کی بڑی واردات کا سراغ لگا کر مبینہ طور پر واردات میں ملوث سابق کرائے دار کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے قلیل وقت میں ملزم تک رسائی حاصل کرتے ہوئے مالِ مسروقہ کا بڑا حصہ بھی برآمد کر لیا۔
چوکی کینٹ کی حدود میں ایک شہری کے گھر سے نامعلوم ملزمان نے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، چاندی اور نقدی چوری کر لی تھی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے واردات کی تفتیش شروع کی۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران مختلف شواہد اور معلومات کی روشنی میں ایک سابق کرائے دار کو شاملِ تفتیش کیا گیا، جس کے مبینہ طور پر واردات میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے۔ چوکی کینٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 2 تولے سونا، 3 کلو چاندی اور تقریباً 3 لاکھ روپے نقدی برآمد کر لی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واردات میں کسی دوسرے شخص کے ملوث ہونے اور باقی مالِ مسروقہ کی برآمدگی کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید شواہد سامنے آنے پر قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔


