جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں سموگ کی روک تھام کے حوالے سے کوئی حکمت ِ عملی سامنے نہ آسکی، فصلوں کی باقیات جلانے ، دھواں چھوڑنے والے بھٹوں اور گاڑیوں کے مالکان کیخلاف کارروائیاں نہ ہو سکیں، شہریوں نے قانون کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیوں کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود محکمہ ماحولیات سموگ کی روک تھام کے حوالے سے کوئی حکمت عملی مرتب نہ کر سکا۔ اندرون شہر سمیت ضلع بھر میں دھواں چھورنے والے بھٹوں ، گاڑیوں اور فصلوں کی باقیات جلانے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے جبکہ سینٹری ورکرز شہر کا کوڑا کرکٹ اکٹھا کرکے ایک جگہ پر آگ لگا دیتے ہیں ، جس سے ماحول میں آلودگی پھیلتی ہے۔
شہریوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری ماحولیات سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع جہلم میں تعینات محکمہ ماحولیات کے افسران و اہلکاروں کو دھواں چھوڑنے والے بھٹوں ، گاڑیوں اور فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والے افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروانے چاہئے تاکہ قانون کے ساتھ جاری کھلواڑ کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابوپایا جا سکے۔