جہلم میں 17 سالہ نوجوان دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا، ریسکیو ٹیموں نے نوجوان کی تلاش شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں چونترہ کے قریب دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے کریم پورہ کا رہائشی 17 سالہ نوجوان ڈوب گیا جس کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کی ٹیمیں کارروائی میں مصروف ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ چونترہ کے قریب پیش آیا جہاں ایک نوجوان دریا میں نہاتے ہوئے اچانک گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب گیا۔ ڈوبنے والے نوجوان کی شناخت نعمان ولد محمود کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 17 سال بتائی جاتی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور سکوبا ڈائیونگ کے ذریعے نوجوان کی تلاش کا عمل شروع کر دیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے بھرپور کوشش کی تاہم تاحال نوجوان کی ڈیڈ باڈی کو تلاش نہیں کیا جا سکا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق نوجوان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اور مختلف مقامات پر پانی میں تلاش کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔

