جہلم: الیکشن کمیشن نے جہلم کے قومی اسمبلی کے بعد صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جہلم کے تینوں صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حلقہ پی پی 24 جہلم ون سے رفعت زیدی، حلقہ پی پی 25 جہلم ٹو سے یاسر محمود قریشی اور حلقہ پی پی 26 جہلم تھری سے مشتاق احمد کامیاب ہوئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد امیدوار آئین کے آرٹیکل 106 کی شق 3 کی ذیلی شق-C کے تحت مذکورہ نوٹیفکیشن کے اجراء کے 3 دن کے اندر کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونا ہو گا۔
واضح رہے کہ ضلع جہلم کے تینوں صوبائی اسمبلی کی حلقوں سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے مسلم لیگ (ن) کے دو امیدواروں اور ایک مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار کو شکست دی تھی۔
یاد رہے کہ الیکشن کے بعد حلقہ پی پی 24 سے آئی پی پی کے امیدوار سابق ایم پی اے راجہ یاور کمال اور حلقہ پی پی 25 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم نے کھلے دل سے شکست تسلیم کی تھی جبکہ حلقہ پی پی 26 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سابق ایم پی اے ناصر محمود نے دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد ہونے کے بعد شکست تسلیم کر لی تھی۔


