جہلم: پنجاب حکومت نے سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری اور بے جا استعمال کے خلاف صوبہ بھر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔
اس ضمن میں تمام سرکاری محکموں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ دو ہفتوں کے اندر اندر اضافی سرکاری گاڑیاں واپس کر دیں، جبکہ افسران کو صرف منظور شدہ تعداد کے مطابق ہی گاڑیاں رکھنے کی اجازت ہوگی۔
حکومتی احکامات کے مطابق لاگ بک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، جس میں ہر سفر کی مکمل تفصیل، مقصد اور فیول کے استعمال کا باقاعدہ ریکارڈ درج کرنا ہوگا۔ لاگ بک میں غلط یا جعلی اندراج کی صورت میں متعلقہ افسر کی گاڑی کی سہولت معطل کی جا سکے گی اور ریکوری بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
مزید ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ہنگامی استعمال کے لیے محکمہ کے سربراہ کی پیشگی منظوری لازم ہوگی۔ سرکاری گاڑیوں کے استحقاق سے متعلق معاملات اور خصوصی کیسز کے لیے ڈیوی ایشن کمیٹی قائم کی جائے گی جو قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلے کرے گی۔
ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرکاری وسائل کے ضیاع کو روکنا، شفافیت کو یقینی بنانا اور خزانے پر غیر ضروری بوجھ کم کرنا ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ اس سے نظم و ضبط بہتر ہوگا اور سرکاری وسائل کا درست استعمال ممکن ہو سکے گا۔


