جہلم: ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جہلم کی زیر صدارت عید الفطر کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، عید الفطر کے موقع پر شہریوں کو بہترین ریسکیو سروسز فراہم کرنے کے لئے تمام سٹاف ہائی الرٹ رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز عید الفطر کے حوالے سے ضلعی ہیڈ کوارٹر میں ایک اجلاس ہوا جس میں عید الفطر کے موقع پر شہریوں کو بہترین سروسز فراہم کرنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ریسکیو 1122جہلم کا تمام سٹاف عید کے دنوں میں ہائی الرٹ رہے گا۔عید کے تینوں دنوں میں ضلع جہلم کے تمام مصروف علاقوں میں ریسکیو پوسٹس قائم کی جائیں گی تاکہ بروقت سروس مہیا کی جاسکے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 جہلم اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ضلع بھر میں منعقد ہونے والے تمام بڑے عید اجتماعات پر ایمرجنسی کور فراہم کرے گا۔ اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، عوام سے التماس ہے کے عید اپنے گھروں میں گزاریں اور غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب دریائے جہلم میں نہانے پر پابندی لگائی گئی ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کے جانی نقصان سے محفوظ رکھا جاسکے۔ ریسکیو 1122 عوام کا اپنا ادارہ ہے، ہمارا مقصد عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔ریسکیو کے جوان پورے جوش و جذبہ کے ساتھ ہر وقت کسی بھی آفت سے نبردآزما ہونے کے لئے تیار ہے۔


