دینہ میں ڈی مارٹ کے قریب نوجوان لڑکی کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ڈی مارٹ کے قریب نوجوان لڑکی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
دو روز قبل تحصیل دینہ میں جی ٹی روڈ پر ڈی مارٹ کے قریب گکھڑ پلازہ کے سامنے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار ملک خرم نے فائرنگ کرکے کرن نامی نوجوان لڑکی کو قتل کر دیا تھا۔ مقتولہ اپنی فیملی کے ہمراہ آئس کریم کھانے کے لیے مارٹ پر آئی تھی کہ اس دوران ملزم نے اسے دیکھا اور فائرنگ کردی۔
ذرائع کے مطابق ملزم ملک خرم نے مبینہ طور پر کرن نامی لڑکی پر فائرنگ کی، جس کے بعد وہ جان بچانے کے لیے بھاگ کر پلازے کی جانب گئی، تاہم ملزم نے اس کا تعاقب کرتے ہوئے مزید فائر کیے۔ فائرنگ کے نتیجے میں لڑکی شدید زخمی ہوگئی اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔ مقتولہ کا تعلق نئی آبادی سے بتایا گیا تھا، جبکہ واقعے کے بعد اس کی لاش ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردی گئی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر تھانہ دینہ پولیس نے فوری طور پر کارروائی کا آغاز کیا اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم ملک خرم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔
جہلم پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف دستیاب شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور اسے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا تاکہ قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


