جہلم: 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کی بھی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جہلم نے محکمہ تعلیم سے رجسٹرڈ نجی اسکولوں کے اساتذہ کی فہرستیں مانگ لیں، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جہلم نے محکمہ تعلیم کو مراسلہ بھیج دیا، مراسلے کے مطابق عام انتخابات میں پولنگ اسٹیشنز پر تعیناتی کیلئے اساتذہ کی فہرست فراہم کی جائیں۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق قانون کے مطابق انتخابی ڈیوٹی کیلئے صرف سرکاری افسران و ملازمین کی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 53 کے تحت صرف سرکاری و نیم سرکاری اداروں سے ہی عملہ لیا جا سکتا ہے۔
محکمہ تعلیم جہلم نے پرائیوٹ اسکولوں سے اساتذہ کا مکمل ڈیٹا منگوا لیا، پرائیوٹ اسکولوں کی انتظامیہ نے آن لائن فارم فل کرنا شروع کردیے ہیں۔