جہلم: ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کے ہمراہ جہلم کا تفصیلی دورہ کیا، جس میں تھانہ سول لائنز میں کھلی کچہری کا انعقاد، مختلف تھانوں، پولیس لائنز اور سرکاری دفاتر کا معائنہ شامل تھا۔ اس موقع پر آر پی او نے شہریوں کے مسائل براہ راست سنے اور موقع پر ہی متعدد مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔
تھانہ سول لائنز میں منعقدہ کھلی کچہری میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جہاں آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے سائلین کی درخواستوں پر فوری احکامات دیے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریاں عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر سننے اور فوری حل کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں اور یہ عمل عوامی خدمت کے جذبے کو تقویت دیتا ہے۔
آر پی او نے شہریوں کو بچوں اور بچیوں کے خلاف ہراسگی جیسے حساس معاملات پر بھی آگاہی فراہم کی اور کہا کہ پولیس ان معاملات میں مکمل معاونت فراہم کرے گی۔
کھلی کچہری کے بعد آر پی او راولپنڈی ڈویژن نے ڈی پی او جہلم کے ہمراہ تھانہ سٹی، تھانہ سول لائنز، تھانہ صدر اور تھانہ کالا گجراں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانوں کی عمارات، فرنٹ ڈیسک، ریکارڈ روم، حوالات، مال خانہ اور دیگر شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
آر پی او نے تھانہ جات کی صفائی، دیکھ بھال اور سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی برتاؤ کی سختی سے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری تنصیبات قوم کی امانت ہیں اور ان کی حفاظت و نگہداشت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
آر پی او نے انسپکٹر جنرل پنجاب کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر کے بروقت اندراج کو یقینی بنایا جائے، زیرِ تفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کیا جائے، اور اشتہاری و عدم گرفتار ملزمان کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ اس موقع پر محرم الحرام کے پیش نظر تھانہ جات کی نفری کو سیکیورٹی کے حوالے سے خصوصی بریفنگ بھی دی گئی۔
بعدازاں آر پی او بابر سرفراز الپا نے پولیس لائنز جہلم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے دفاتر، لائنز ایریا، کوارٹر گارڈ، باربر شاپ، ٹیلر شاپ اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ پولیس لائنز میں صفائی و ترقیاتی کاموں کے معیار کا جائزہ لیا گیا اور ان کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ آر پی او نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول نچھاور کیے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ نظم و ضبط اور اعلیٰ تربیت ہی بہترین پولیسنگ کی بنیاد ہیں۔
دورے کے اختتام پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہلم پولیس عوام کی خدمت، قانون کی عملداری اور امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنایا جا رہا ہے اور تمام افسران و اہلکار الرٹ رہ کر فرائض سرانجام دیں گے۔ پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کھلی کچہریوں اور سرپرائز وزٹس کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔


