جہلم: ضلع جہلم میں چینی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
دکانداروں کے مطابق حکومت کی جانب سے چینی کی برآمد (ایکسپورٹ) کی اجازت ملنے کے بعد مقامی مارکیٹ میں چینی کے نرخ مسلسل بڑھ رہے ہیں۔
گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران چینی کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور اس وقت بازاروں میں چینی 140 سے 150 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ مقامی تاجروں اور دکانداروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت چینی کی برآمد کو محدود نہ کرے تو قیمتوں پر قابو پانا ممکن نہیں ہوگا۔
دکانداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چینی کی برآمد سے پہلے مقامی مارکیٹ کی ضروریات اور قیمتوں کو مدنظر رکھا جائے تاکہ عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت ایکسپورٹ پر پابندی عائد نہیں کرے گی تو مقامی سطح پر چینی کی قیمتوں میں استحکام ممکن نہیں ہو سکے گا۔
شہریوں نے بھی چینی کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ رمضان المبارک سے قبل چینی کی قیمتیں مستحکم کی جا سکیں اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


